ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / فرضی دستاویزات پر خطرناک ملزمین کو ضمانت دلانے والی ٹولی بے نقاب،ایک وکیل سمیت 9 ملزمین سی سی بی پولیس کی جال میں

فرضی دستاویزات پر خطرناک ملزمین کو ضمانت دلانے والی ٹولی بے نقاب،ایک وکیل سمیت 9 ملزمین سی سی بی پولیس کی جال میں

Wed, 01 Feb 2017 11:09:33    S.O. News Service

بنگلورو،31؍جنوری(ایس او نیوز) پانچ سو سے زائد سنگین مقدمات میں ملزمین کو دوسروں کے ناموں سے فرضی دستاویزات تیار کرکے عدالتوں سے ضمانت دلانے والی ایک ٹولی کو سی سی بی پولیس نے بے نقاب کرتے ہوئے نو ملزمین کو گرفتار کرلیا ہے۔ بنشنکری کے بکاسی پورہ کے ساکن پرسنا کمار ، اگراہارا لے آؤٹ کی سدھا رانی ، ملولی کے کمار، کنگیری کے شیوراج، کنگیری سیٹیلائٹ ٹاؤن کے سرینواس ، آندھرا پردیش کے ہندو پور کے ساکن انجان ریڈی، ناگر بھاوی کے وینکٹیش ، کے آر نگر کے کمار ، اور یلہنکا کے ہری ناتھ ریڈی کو اس سلسلے میں پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔ بتایاجاتاہے کہ یہ لوگ متوفی افراد کے دستاویزات میں ہیرا پھیری کرکے اورانہیں اپنے رشتہ دار قرار دے کر سنگین معاملات بشمول قتل ، لوٹ ، راہزنی اور چوری میں ملوث ملزمین کو ضمانت فراہم کیا کرتے تھے۔ پولیس کمشنر پروین سود نے آج ایک اخباری کانفرنس میں اس ٹولی کی گرفتاری کی اطلاع د ی اور بتایاکہ چند سنگین معاملات میں اس ٹولی کی مدد سے ملزمین نے عدالتوں سے ضمانت حاصل کرلی ہے۔ ان لوگوں کی طرف سے ضمانت دئے جانے کے بعد جب ملزمین کی سرگرمیاں جاری رہیں تو جانچ شروع کی گئی اور پتہ چلا کہ فرضی دستاویزات کی بنیاد پر ضمانت حاصل کی گئی ہے۔ اس جال میں شامل نو ملزمین سے پوچھ تاچھ کی گئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ان ملزمین کو فرضی ضمانت لینے میں وسنت کمار نامی ایک وکیل بھی رہنمائی کیا کرتا تھا، پولیس نے اسے بھی گرفتار کرلیا ہے۔ ملزمین کے پاس سے فرضی الیکشن شناختی کارڈ، آدھار کارڈ، جائیدادوں کا فرضی پہانی ، میوٹیشن ، دیونہلی ، آنیکل ، ٹمکور ، مدھوگیری اور دیگر عدالتوں میں ان ملزمین کی طرف سے پیش کئے گئے فرضی دستاویزات کی نقلیں اور دیگر فائلیں برآمد ہوئی ہیں۔ پولیس اس بات کی جانچ کررہی ہے کہ اس ٹولی نے کن کن عدالتوں میں فرضی دستاویزات دے کر خطرناک ملزمین کی رہائی میں مدد کی ہے۔ اخباری کانفرنس میں پولیس کمشنر کے ہمراہ اڈیشنل کمشنر س آف پولیس ایس روی اور مالنی کرشنا مورتی موجود تھے۔


Share: